حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلاء مقدسہ میں بین الحرمین کے مقام پر عالمی جشن صبر و وفا کا انعقاد کیا گیا، جس میں حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی نے خصوصی خطاب کیا۔ یہ بابرکت اجتماع انجمن غلامان سیدہ زینب علیہا السلام لکھنؤ، ہندوستان کے زیر اہتمام اور حضرت آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی کے مرکزی دفتر کی نگرانی میں منعقد ہوا۔
حجۃ الاسلام شیخ علی نجفی نے اس موقع پر آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی کا سلام، دعائیں اور نصیحتیں حاضرین تک پہنچائیں اور اپنے خطاب میں تاکید کی کہ مومنین کو ہر حال میں ولایت محمد و آل محمد علیہم السلام سے متمسک رہنا چاہیے اور عزاداری امام حسین علیہ السلام کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا: آج جو عزت، مال و دولت اور ہر نعمت ہمیں حاصل ہے، وہ عزاداری امام حسین علیہ السلام کی برکت سے ہے، حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین کو ثبات اور دوام بخشا، اور دین پر ثابت قدم رہنے کے لیے وہ اعلیٰ مثال ہیں، ہمیں امام حسین علیہ السلام سے اپنی ولایت اور محبت کی تجدید کرتے رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کی بدولت ہی ہم آج نماز اور دیگر دینی احکام کے پابند ہیں، جناب زینب علیہا السلام کی قربانیوں کی بدولت آج ہماری مائیں اور بہنیں باپردہ ہیں، مولا عباس علیہ السلام نے اپنا بازو قربان کردیا لیکن پانی نہیں پیا، ہمیں ان سے سیکھنا چاہیے کہ دین اور امام کی وفاداری کیسے کی جاتی ہے۔
اس روح پرور اجتماع میں دنیا بھر سے عاشقان اہل بیت علیہم السلام کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جس نے ولایت اور محبت اہل بیت علیہم السلام کے جذبے کو مزید جِلا بخشی۔
آپ کا تبصرہ